نئی دہلی،18؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) پٹرول - ڈیزل کی قیمتیں روزانہ آسمان کو چھورہی ہیں ۔ کئی ریاستوں میں پٹرول کی قیمتیں 100 روپے فی لٹر کو عبور کر چکی ہیں۔ وہیں ، رسوئی داموں میں بھی آگ لگی ہوئی ہے ۔ بالی وڈ اداکارہ اور شیوسینا کی رہنما ارملا ماتونڈ کر نے بڑھتی مہنگائی کے بارے میں ٹویٹ کرکے مرکزی حکومت پر طنز کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ' اکّڑ بکّڑ بمبے بو، ڈیزل نوے پٹرول سو'، سو میں لگا دھاگا ، سلنڈر اچھل کے بھاگا '۔
جمعرات کے روز مسلسل دسویں دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہا۔ مدھیہ پردیش کے انو پور میں آج ایک لٹر پٹرول کی قیمت 100.25 پیسے تھی۔ راجستھان کے سری گنگانگر میں پٹرول کی قیمت 100.49 روپے فی لٹر تک پہنچ گئی ہے۔
سرکاری تیل کمپنیوں نے جمعرات کو پٹرول کی قیمت میں 34 پیسے کا اضافہ کیا ہے ، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 32 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ، مہاراشٹر ، مدھیہ پردیش اور راجستھان جیسی ریاستوں میں بھی برانڈڈپٹرول کی قیمت 100 روپے فی لٹر کو عبور کر چکی ہے۔